ایی سی ایل سے نام خارج: نواز شریف کو بیرون ملک پرواز کی اجازت مل گئی
وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا اہم ترین اجلاس ہوا، جس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دی گئی۔
اجلاس میں نواز شریف کے علاج کے لیے ملک سے باہر جانے سے متعلق سیکیورٹی بانڈز جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضمانت وزیر قانون فروغ نسیم کی طرف سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے نمائندے سے مانگی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کہا جارہا تھا کہ ذیلی کمیٹی اگر نواز شریف کا نام نکالنے کا فیصلہ کرلیتی ہے تو کابینہ سے مزید منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں ہونے والا کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ رہا، جس کے بعد اجلاس رات ساڑھے 9 بجے تک ملتوی کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ذیلی کمیٹی میں فیصلہ نہ ہو پانے کی صورت میں ای سی ایل سے نام کے اخراج کا حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
اس سے قبل کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ وزیرِ قانون فروغ نسیم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ تھوڑا پیچیدہ ہے، تاہم کمیٹی میرٹ پر فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ درخواست گزار اور ان کے وکلاء مکمل تیار نہیں تھے، فریقین مکمل دستاویزات نہیں لائے اس لیے تاخیر ہوئی۔
فروغ نسیم نے یہ بھی کہا کہ نیب کو بہت سی دستاویزات لانی تھیں جو اس نے پیش نہیں کیں، اب درخواست گزاروں اور ان کے وکلاء کو یہ دستاویزات لانے کو کہا ہے۔