سابق وزیراعظم نواز شریف ضمانت پر رہا

Saturday, 26 October, 2019 - 19:58

اسلام آباد کی ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی انسانی بنیادوں پر منگل تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے عبوری ضمانت کے لیے 20، 20 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ نواز شریف کی ضمانت العزیزیہ ریفرنس کیس میں منظور کی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت کارروائی کے چوتھے وقفے کے بعد عدالت نے حتمی فیصلہ لکھوایا۔

دوران سماعت عدالت کے روبرو وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نے سابق وزیراعطم نواز شریف کی ذمہ داری لینے سے انکار کردیا۔ جبکہ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نے عدالت کو بتایا کہ انسانی بنیادوں پر نواز شریف کی ضمانت کی درخواست پر اعتراض نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج ایک درخواست کی تھی، جس میں میاں نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست ایمرجنسی بنیادوں پر سننے کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے اس درخواست پر فوری سماعت کی اور آج ہی اس کا فیصلہ سنایا۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے میاں نواز شریف کی چوہدری شوگر ملز کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی تھی  تاہم ان کی رہائی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کے بغیر ممکن نہیں تھی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو 7 سال قید کی سزا سنا رکھی ہے۔

خبریں

24.04.2020 - 19:27